نئی دہلی، 11/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اس سال سونے کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ مرکزی بجٹ میں سونے پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کا اعلان ہوتے ہی سونے کی قیمتوں میں تیزی سے گراوٹ آئی، اور یہ 67,000 روپے فی دس گرام کی سطح پر پہنچ گئیں۔ قیمتوں میں اس اچانک تبدیلی نے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو حیران کر دیا ہے۔
گراوٹ کے چند دنوں بعد اگست کے مہینے میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوا جس کی وجہ سے سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ تاہم اگر ہم گزشتہ ایک ہفتے کی بات کریں تو اس عرصے میں ہی سونا سستا ہوا ہے۔
اگر ہم ایم سی ایکس پر سونے کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی دیکھیں تو 5 دسمبر کو سونے کی قیمت 78,422 روپے فی 10 گرام تھی، ہفتے کے آخری دن یہ گر کر 77،292 روپے فی 10 گرام پر آ گئی۔ اس کے مطابق اس ایک ہفتے میں سونے کی قیمت میں 1130 روپے فی 10 گرام کی کمی ہوئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گھریلو بازار میں سونے کی یہ قیمت تین فیصد جی ایس ٹی اور میکنگ چارج کے بغیر ہے۔ میکنگ چارجز مختلف ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے ملک کے مختلف شہروں میں سونے کی قیمت میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔